فیٹف اہداف کی کامیاب تکمیل سے پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہوگا ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے 2018ء اور 2021ء کے ایکشن پلانز کو کامیابی سے مکمل کیا ہے، پاکستان کی ٹیم کو سخت محنت اور کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے پاکستان نے فیٹف کے دونوں ایکشن پلانز کی ٹیکنیکل ضروریات کو کامیابی سے پورا کیا ۔

اتوار کو پاکستان کی جانب سے فیٹف کے ایکشن پلانز کی کامیاب تکمیل پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اجتماعی قومی کاوشوں اور تمام شراکتداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہم یہ کامیابی حاصل کر سکے ،اس سے پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہوگا اور پائیدار ترقی میں مدد ملے گی، فیٹف کی تکنیکی ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئندہ امر ہے جس سے اے ایم ایل/ سی ایف ٹی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات اور کامیابیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت پاکستان قومی معیشت کے استحکام کے عظیم تذویراتی مقصد کے تحت مالیات کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ فیٹف کی جانب سے اس اچھی خبر پر پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہوگا اورپائیدار ترقی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس عزم کو دہرایا کے حکومت پاکستان بین الاقوامی معیارات کے مطابق اے ایم ایل/سی ایف ٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اقدامات جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم فیٹف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں اور توقع ہے کہ پاکستان کامیابی سے جلد از جلد گرے لسٹ سے نکل جا ئے گا۔