اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے کے تعاون سے ترک زبان کی کلاسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ہفتے میں دو کلاسز منعقد ہوں گی،جس کا بدھ سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پہلی کلاس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ شریک ہوئے۔ ترک زبان و ادب کے ماہر ڈاکٹر یوسف ضیاء اوزین بطور لسانی مدرس …
فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ترک سفارت خانے کے تعاون سے ترک زبان کی کلاسز کا اجراء

مزید خبریں
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے کے تعاون سے ترک زبان کی کلاسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ہفتے میں دو کلاسز منعقد ہوں گی،جس کا بدھ سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پہلی کلاس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ شریک ہوئے۔ ترک زبان و ادب کے ماہر ڈاکٹر یوسف ضیاء اوزین بطور لسانی مدرس اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ ابتدائی سیشن میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فیصل جاوید، لیکچرار شعبہ آئی آر سائرہ کاظمی، صائمہ اظہر اور اسسٹنٹ پروفیسر ماس کمیونیکیشن ڈاکٹر سکندر زرین بھی شریک ہوئے۔
ڈاکٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی میں ترک زبان کی تدریس ایک خوشگوار موڑ ہے۔ شعبہ آئی آر سمیت جامعہ کے دیگر ڈیپارٹمنٹس کے طلبہ اس علمی موقع سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ترک زبان مشرق وسطی، وسطی ایشیا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اہمیت و افادیت رکھتی ہے۔ طلبہ کو اسلام آباد میں بیٹھ کر دنیا کی ایک علمی و تہذیبی زبان سیکھنے کا موقع ملنا غنیمت ہے۔
ڈاکٹر فیصل جاوید نے یہ موقع فراہم کرنے پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری اور انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر کا شکریہ ادا کیا۔ شعبہ آئی آر کی لیکچرار سائرہ کاظمی نے ترک سفارت خانے اور انسٹرکٹر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترک زبان کی کلاسز کے اجراء کو ڈاکٹر فیصل جاوید کے وژن کی عکاسی قرار دیا۔ جامعہ اردو کے طلبہ نے ترک زبان کی کلاس کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا۔ یاد رہے ہفتے میں دو کلاسز میں یونیورسٹی کے سو سے زیادہ طلبہ استفادہ کریں گے۔








