فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کا طلبہ کے لیے پیشہ ورانہ کیریئر کاؤنسلنگ سروسز کا آغاز

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے طلبہ کو باقاعدہ پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے کے لیے متعلقہ کمپنیوں کے ایک کنسورشیم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد آٹھویں جماعت سے بی ایس سطح تک کے طلبہ کو منظم کیریئر کاؤنسلنگ فراہم کرنا ہے۔ جمعہ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس پروگرام کے تحت طلبہ کو …

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے طلبہ کو باقاعدہ پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے کے لیے متعلقہ کمپنیوں کے ایک کنسورشیم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد آٹھویں جماعت سے بی ایس سطح تک کے طلبہ کو منظم کیریئر کاؤنسلنگ فراہم کرنا ہے۔

جمعہ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس پروگرام کے تحت طلبہ کو سائیکومیٹرک ٹولز اور انفرادی معاونت کے ذریعے ان کی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور موزوں کیریئر کے راستوں کی نشاندہی میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس سے طلبہ کو بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ فیصلے کرنے میں رہنمائی ملے گی۔

پروگرام کے ذریعے طلبہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، اسکالرشپس، اور ووکیشنل و ٹیکنیکل کیریئر آپشنز سے متعلق آگاہی بھی بڑھائی جائے گی جس سے نہ صرف تعلیمی و پیشہ ورانہ منصوبہ بندی بہتر ہو گی بلکہ ڈراپ آؤٹ اور تعلیمی عدم دلچسپی کی شرح میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس منصوبے کے تحت ایک پائیدار ڈیٹا سسٹم بھی قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے طلبہ کی کیریئر ترجیحات اور نتائج کو ٹریک کیا جا سکے گا، تاکہ شواہد کی بنیاد پر منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ خدمات دو سالہ مدت میں فراہم کی جائیں گی، جس دوران کنسورشیم ایف ڈی ای کے ماسٹر ٹرینرز کو بھی تربیت دے گا تاکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی کیریئر کاؤنسلنگ پروگرام کا تسلسل اور پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔