فیڈ مک سٹی فیصل آباد میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالہ سے خصوصی اجلاس،چائنیز کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی

Fed Mix City Faisalabad

فیصل آباد۔ 28 مارچ (اے پی پی):فیصل آباد پولیس کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چینی شہریوں کو سیکورٹی کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ فیڈ مک سٹی فیصل آباد میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالہ سے خصوصی اجلاس میں چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

ترجمان شاہد ملک نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر محمد علی ضیا کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز حسن جاوید بھٹی نے فیڈ مک میں چائنیز کی سکیورٹی کے حوالہ سے اجلاس منعقد کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ر) کرنل ندیم،ایس پی مدینہ ڈویژن شاہ میر،ایس ایچ او فیڈمک،سپشل برانچ کے افسران اور چائنیز حکام شریک ہوئے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے چائنیز کو یقین دہانی کروائی کہ فیصل آباد پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گااور غیر ملکی افراد اطمینان سے ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار اد ا کرتے رہیں۔

اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے چائینزنیشنلز کی سکیورٹی کا خود جائزہ لیا۔ چائنیز سکیورٹی کے انچارج افسران،متعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوکو ہدایت کی کہ سائٹ پر کام کرتے ہوئے اور دوران سفر تھری لیئر سکیورٹی کو ہمیشہ قائم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھری لیئر سکیورٹی میں پولیس سکیورٹی،پرائیویٹ گارڈ اور عسکری سکیورٹی کے مسلح گارڈ ہمہ وقت چائنیز کے ساتھ ہوں گے۔ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس سیکیورٹی افسران کو تنبیہ کی کہ چائنیز فیکٹریوں کی باؤنڈری والزکی مکمل نگرانی ہو نی چاہیے۔

سیکیورٹی کے متعلقہ تمام آلات واک تھرو گیٹس، مورچے، سی سی ٹی وی کیمرے،میٹل ڈیٹیکٹر،سرچ لائٹس اور بیرئیرز درست حالت میں موجود ہونے چاہئیں۔ چائنیز کی موومنٹ صرف اشد ضرورت کے تحت ہونی چاہیے۔کوئی بھی چائنیز بغیر سکیورٹی کے آؤٹ نہیں ہو نا چاہیے دوران سفر ایس او پی کے مطابق الرٹ ہوکر ڈیوٹی سر انجام دی جائے۔