اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور ابدی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بدھ کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے قائداعظم کے …
قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور ابدی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا یوم قائد پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور ابدی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بدھ کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے قائداعظم کے تاریخی فرمان ’’ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم کی ضرورت ہے‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد پاکستان کی پائیداری اور مضبوطی کی اساس ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ قائداعظم کے اس لازوال پیغام کی روشنی میں ہم سب رنگ، نسل، زبان، صوبائیت یا نظریاتی اختلافات سے ماوراء ہو کر ایک متحدہ اور منظم قوم کے طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور باوقار ملک کی حیثیت سے مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔سردار اویس احمد خان لغاری نے قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مشہور فرمان ’’آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مسجدوں میں جائیں یا پاکستان کی اس ریاست میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جائیں، آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو ، اس کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان ایک روادار، جامع اور مساوی حقوق پر مبنی معاشرہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم کے اس عظیم وژن کی روشنی میں حکومت تمام شہریوں کو بلا امتیاز مذہب مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع کی فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ اقلیتی برادریاں قومی ترقی کے عمل میں مکمل اعتماد اور اطمینان کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے قائداعظم کے نوجوانوں سے متعلق فرمان ’’پاکستان کو اپنی نوجوان نسل پر فخر ہے، خاص طور پر طلبہ و طالبات پر، جو کل کے قوم کے معمار ہیں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی ترقی کا ضامن ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ قائداعظم کے اس پیغام کی روشنی میں وہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے میدانوں میں آگے بڑھیں، قومی ذمہ داریوں کا احساس اپنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال اور مثبت حصہ ڈالیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت قائداعظم کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ایک پائیدار، مضبوط، خود مختار اور عوام دوست ملک بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی سے سرفراز فرمائے، آمین۔







