اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):ماحولیاتی ذمہ داری اور حب الوطنی کے شاندار مظاہرے کے تحت قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق طلباء نے 10 سے 30 اگست کے دوران ملک بھر میں تقریباً 10 ہزار درخت لگائے ہیں۔ قائداعظم یونیورسٹی کے سابق طلباء کے مطابق یہ وسیع شجر کاری مہم، 77ویں یوم آزادی کی تقریبات کا حصہ ہے۔ جو اسٹیک ہولڈرز کے وسیع تعاون بالخصوص اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
شجرکاری مہم قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق طلباء کی طرف سے 2017 میں شروع کی گئی ایک سالانہ روایت ہے، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول مری، سوات، پشاور، فیصل آباد، لاہور، ایبٹ آباد، کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، واہ، ملتان ڈویژن، گوجر خان اور اسلام آباد میں سرگرم حصہ لیا گیا۔ ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی سے منسلک وفاقی کالجوں اور یونیورسٹی میں چار نئے قائم ہونے والے پھلوں کے باغات میں بھی درخت لگائے گئے ہیں ۔اس سال کی مہم کو اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، یونیورسٹی آف لاہور، عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد، چن ون، ایڈوائے پاکستان، سدرہ فاؤنڈیشن اور دیگر شراکت دار اداروں سمیت اہم شراکت داروں کے اشتراک سے ممکن بنایا گیا۔
یونیورسٹی کے سابق طلباء نے خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، شمالی سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں اضافی 25 ہزار درخت لگانے کے لیے شجر کاری مہم کے اگلے مرحلے کا بھی اعلان کیا، جس سے قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق طلباء کی پاکستان میں ماحولیاتی استحکام اور سرسبز معاشرہ کے لیے جاری وابستگی کو تقویت ملتی ہے۔ یہ اجتماعی کوشش نہ صرف ملک کے ماحولیاتی اہداف میں اہم شراکت کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ قائداعظم یونیورسٹی کے سابق طلباء اور وسیع تر کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو بھی مضبوط کرتی ہےجو پاکستان کے سرسبز مستقبل کے لیے اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دیتی ہے۔