قائداعظم یونیورسٹی اور ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ لیب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے نوجوانوں کی قیادت میں شمولیت، ماحولیاتی آگاہی اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ لیب (ڈی ڈی ایل) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے نوجوانوں کی قیادت میں شمولیت، ماحولیاتی آگاہی اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ لیب (ڈی ڈی ایل) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت شعور فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس کے اشتراک سے "وائسز آف انکلوژن یوتھ میورل انیشی ایٹو 2026” کے تحت عمل میں آئی ہے جسے کینیڈا فنڈ فار لوکل انیشی ایٹوز کی معاونت حاصل ہے۔معاہدے کے تحت قائداعظم یونیورسٹی میں نوجوانوں کی قیادت میں ایک عوامی دیوار گیر فن پارہ (میورل) تخلیق کیا جائے گا جس کے ذریعے معاشرتی شمولیت، ماحولیاتی شعور، ثقافتی تنوع، سماجی ہم آہنگی، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستی اور عوامی کہانیوں کو فن کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ میورل "وائسز آف انکلوژن” منصوبے کا حصہ ہے جس کے ذریعے نوجوان فنکاروں، طلبہ اور مقامی برادری کو تخلیقی اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ شمولیت، تنوع، ماحولیاتی ذمہ داری اور تعمیری شہری مکالمے کو فروغ دیا جا سکے۔مفاہمتی یادداشت پر قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ عمرانیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران صابر اور ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ لیب کے بانی سید کاشف احمد نے دستخط کئے۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر سلمیٰ ملک بھی موجود تھیں۔