اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال نے بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان محض سیاسی نعروں سے نہیں بنا بلکہ قائدِاعظم کی بے مثال قانونی ذہانت، آئینی بصیرت اور اخلاقی وقار کے ذریعے جدوجہد کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ قائدِاعظم کی انتھک جدوجہد نے ایک خواب …
قائدِاعظم کی انتھک جدوجہد نے ایک خواب کو ایک خودمختار ریاست میں تبدیل کیا،بیرسٹر دانیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال نے بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان محض سیاسی نعروں سے نہیں بنا بلکہ قائدِاعظم کی بے مثال قانونی ذہانت، آئینی بصیرت اور اخلاقی وقار کے ذریعے جدوجہد کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ قائدِاعظم کی انتھک جدوجہد نے ایک خواب کو ایک خودمختار ریاست میں تبدیل کیا۔یومِ قائد کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال نے کہا کہ محمد علی جناحؒ برطانوی ہند کے کم عمر ترین اور باصلاحیت وکلا میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم سب سے پہلے ایک بیرسٹر تھے جو اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ انصاف، قانون اور آئینی جدوجہد کسی بھی مظلوم قوم کے سب سے طاقتور ہتھیار ہوتے ہیں۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم نے قانونی دلائل کو ایک قومی تحریک میں ڈھال دیا جس نے برصغیر کی تقدیر بدل دی اور یہ ثابت کر دیا کہ منظم اور باوقار وکالت بڑی سے بڑی سلطنتوں کو بھی شکست دے سکتی ہے۔بیرسٹر دانیال نے یاد دلایا کہ قائدِاعظم نے بہت کم عمری میں وکالت کے شعبے میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنی غیر معمولی ذہانت، آئینی قانون پر عبور اور بنیادی حقوق کے بے خوف دفاع کی بدولت نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے مطابق عدالتوں میں قائدِاعظم کا وقار، حقائق پر مضبوط گرفت اور اداروں کا احترام بعد ازاں ان کی سیاسی قیادت کی بنیاد بنا۔
انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم نے اپنی پوری زندگی میں اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ چاہے وہ عدالتی مقدمات ہوں یا نوآبادیاتی حکمرانوں سے مذاکرات، قائدِاعظم نے ہمیشہ دلیل، صبر اور قانون کی بالادستی پر انحصار کیا۔ بیرسٹر دانیال کے مطابق قائدِاعظم نے ہجوم کو نہیں ابھارا بلکہ اذہان کو بیدار کیا، انہوں نے انتشار کو نہیں بلکہ شعور کو جنم دیا اور یہی قانونی نظم و ضبط تحریکِ آزادیٔ پاکستان کا امتیاز تھا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ قائدِاعظم کا اقلیتوں کے حقوق، قانون کے سامنے برابری اور جمہوری طرزِ حکمرانی پر غیر متزلزل یقین آج کے قانون سازوں اور مستقبل کی قیادت کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم کا وہ وژن، جس میں ہر شہری کو آزادی سے عبادت کرنے اور باعزت زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو، آج بھی پاکستان کی اصل روح ہے۔بیرسٹر دانیال نے وکلا، اراکینِ پارلیمنٹ، نوجوانوں اور پوری قوم پر زور دیا کہ وہ قائدِاعظم کے کردار، دیانت، صبر، جرات اور محنت کو اپنائیں اور سیاست کو اقتدار کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی خدمت سمجھیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر بیرسٹر دانیال نے دعا کی کہ قوم ہمیشہ اپنے بانی کے نظریات سے وفادار رہے اور بیرسٹر محمد علی جناحؒ کی روح پاکستان کو اتحاد، انصاف، آئینی بالادستی اور پائیدار قومی ہم آہنگی کی راہ پر ہمیشہ رہنمائی کرتی رہے۔







