اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے غیر متزلزل اصولوں، دیانت داری اور اس تاریخی جدوجہد کو سراہا جس نے تاریخ کا رخ بدل دیا۔ بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ قائدِاعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور …
قائدِاعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور سچائی کی روشن مثال ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے غیر متزلزل اصولوں، دیانت داری اور اس تاریخی جدوجہد کو سراہا جس نے تاریخ کا رخ بدل دیا۔ بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ قائدِاعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور سچائی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائدِاعظم کی عظیم سیاسی، سماجی اور معاشی جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی محنت اور فولاد جیسی ثابت قدمی کے ذریعے قائدِاعظم نے تحریک پاکستان کو ایک منظم اور طاقتور قومی تحریک میں تبدیل کیا۔
قائدِاعظم نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بانی پاکستان نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جو قانون، مساوات اور مذہبی آزادی کی بنیادوں پر قائم ہو اور انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آج ہم قائدِاعظم کی بدولت ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں اور یہ قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِاعظم کے سنہری اصول یہ درس دیتے ہیں کہ قومی ترقی کا راستہ دیانت داری، خود احتسابی اور اتحاد میں مضمر ہے۔ قائدِاعظم کے وژن سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی صرف قائدِاعظم کے لازوال نظریات پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔







