راولپنڈی۔1نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے تیسرے روز لاہور وائٹس اور بہاولپور نے اپنے اپنے میچوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ پی سی بی کے مطابق مرغزار گراؤنڈ میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں لاہور وائٹس نے ملتان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان کی ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وقار حسین نے 71 رنز کی …
قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے تیسرے روز لاہور وائٹس اور بہاولپور نے اپنے اپنے میچ جیت لئے
راولپنڈی۔1نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے تیسرے روز لاہور وائٹس اور بہاولپور نے اپنے اپنے میچوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ پی سی بی کے مطابق مرغزار گراؤنڈ میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں لاہور وائٹس نے ملتان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان کی ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وقار حسین نے 71 رنز کی اننگز کھیلی، محمد عباس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاہور وائٹس نے 81 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد عباس کو میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بہاولپور نے کراچی بلوز کے خلاف میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ بہاولپور کو 213 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سعد خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 17 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 103 رنز بنائے جبکہ محمد عمار 70 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 166 رنز کا اضافہ کیا۔ سعد خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فیصل آباد کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 384 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فہم الحق نے 18 چوکوں کی مدد سے شاندار 157 رنز کی اننگز کھیلی۔ ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 170 رنز بنا لئے، افتخار احمد 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود پر ہیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ایبٹ آباد نے سیالکوٹ کے خلاف فالو آن کے بعد اچھا کم بیک کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا لئے۔
شاہ زیب خان نے 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 131 رنز بنائے جبکہ خالد عثمان نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاٹا کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، ریحان آفریدی 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حنین شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد فاٹا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 284 رنز بنا لئے، خوشدل شاہ نے 22 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے کریئر بیسٹ 159 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد سرور 71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔








