قائد اعظم ٹرافی کلاسک مینز اینڈ ویمنز پاورلفٹنگ چیمپئن شپ 26 دسمبر سے شروع ہو گی

90

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):پاکستان پاورلفٹنگ فیڈریشن کے زیراہتمام اور سندھ پاورلفٹنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے قائد اعظم ٹرافی کلاسک مینز اینڈ ویمنز پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 26 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو گی۔ پاکستان پاورلفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد راشد ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں،ایونٹ میں ملک بھر سے دس ٹیموں کے مرد اورخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان آرمی،

پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے کھلاڑی شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 25 دسمبر کو ہوگی جس میں کھلاڑیوں کے ویٹ اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو دعوت نامے جاری کر دیئے ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے عہدیدار چیمپئن شپ میں شرکت کی تصدیق 23 دسمبر سے قبل کروا سکتے ہیں۔

چیمپئن شپ 29 دسمبر تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔