قائم مقام صدر سے مذہبی، سیاسی اور ادبی شخصیات کی ملاقاتیں

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایوان صدر میں مذہبی، سیاسی اور ادبی شخصیات نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف قومی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے منگل کو یہاں ایوان صدر میں مذہبی، سیاسی اور ادبی شخصیات نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر سے ملاقات کرنے والوں میں دربار موہڑہ شریف مری کے شہزادہ مراد نذیر، سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں جہانگیر پیرزادہ بھٹہ، فیصل سخی بٹ اور رائو وقاص شامل تھے۔ قائم مقام صدر سے معروف شاعر رحمان فارس نے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنی تصنیفات کے نسخے انہیں پیش کیے۔ قائم مقام صدر نے ان کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام صدر نے اس ہفتے کے اواخر میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کے متوقع دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا