قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور طلبہ، خیبر پختونخوا کے مقامی رہنمائوں، بلوچستان کے قبائلی عمائدین سمیت مختلف وفود کی ملاقاتیں

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہائوس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور طلبہ، صوبہ خیبر پختونخوا کے مقامی رہنمائوں، بلوچستان کے قبائلی عمائدین، ڈاکٹرز، وکلاء، چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سمیت ملک کی اہم شخصیات پر مشتمل مختلف وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہائوس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور طلبہ، صوبہ خیبر پختونخوا کے مقامی رہنمائوں، بلوچستان کے قبائلی عمائدین، ڈاکٹرز، وکلاء، چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سمیت ملک کی اہم شخصیات پر مشتمل مختلف وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی معیشت، موجودہ سیاسی صورتحال، سماجی ہم آہنگی، تجارت و سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، چمن بارڈر پر تجارتی امکانات، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور بالخصوص صوبہ بلوچستان میں معاشی حالات کی بہتری کے لیے سیاسی، معاشی اور سماجی سطح پر اتحاد اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ہم آہنگی اور اتفاق کی سیاست کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی وہ پالیسی ہے جس پر موجودہ قیادت کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے علماء کرام اور قبائلی عمائدین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور قبائلی عمائدین نے ہمیشہ ملک کی ترقی، معاشرتی استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے،ان کی کاوشوں کے باعث معاشرے میں برداشت، امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوتی ہے، جو قومی استحکام کی بنیاد ہے۔ نوجوانوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے جن کے ذریعے ان کی مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تحقیق، جدت اور تعمیری سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، مواصلاتی نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور کراچی سے گوادر کا سفر جو پہلے طویل دورانیے پر مشتمل تھا، اب کم وقت میں ممکن ہو گیا ہے جس سے دور دراز علاقوں تک رسائی میں نمایاں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، مائنز، منرلز، ماربل اور دیگر قدرتی وسائل کے بہتر اور موثر استعمال کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی۔

ملاقات میں بلوچستان میں ریلوے کے نظام میں بہتری اور ریلوے کے ذریعے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے صوبائی تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری مواقع اور وسائل کے بہتر استعمال سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ چمن میں تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مسائل سے بھی قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیدال خان نے کہا کہ پاکستان میں تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیوں کو وسعت دی جا سکے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے، عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔