اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے سینئر جنرل منیجر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ملک بھر، بالخصوص صوبہ بلوچستان میں گیس کی طلب، فراہمی، موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر قائم …
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈکے منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات،موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز بارے تبادلہ خیال
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے سینئر جنرل منیجر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ملک بھر، بالخصوص صوبہ بلوچستان میں گیس کی طلب، فراہمی، موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے موسم میں ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو گیس کی عدم فراہمی اور کم پریشر جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن کا فوری اور مؤثر حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کئی علاقوں، بالخصوص کوئٹہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شدید سردی کے دوران صورتحال انتہائی تشویشناک ہو جاتی ہے، جہاں سرد موسم کی شدت کے باعث بعض مقامات پر گیس پائپ لائنوں کے پھٹنے کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں.قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے اور سردیوں کے موسم میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی حکومت کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر فوری اور سنجیدگی سے عمل درآمد کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ تاہم، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، جہاں عوام کو یا تو گیس دستیاب نہیں ہوتی اور اگر کسی حد تک میسر بھی ہو تو پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ لوگ نہ کھانا پکا سکتے ہیں اور نہ ہی شدید سردی سے خود کو محفوظ رکھ پاتے ہیں۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ گیس کی فراہمی سے متعلق ایک جامع، قابلِ عمل اور مؤثر منصوبہ ترتیب دے کر جلد از جلد ان کے دفتر کو فراہم کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر خود کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گیس کی فراہمی، کنکشنز کی صورتحال اور عوامی شکایات کا موقع پر جا کر جائزہ لیا جائے گا تاکہ مسائل کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا منشور عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود ہے۔
عوامی نمائندوں کی حیثیت سے عوام کے مسائل سننا اور ان کے دیرپا حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے مؤثر اور عملی اقدامات جاری رکھے گی جن کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ان کے بنیادی مسائل کا پائیدار حل ممکن بنایا جائے۔









