21.6 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںقائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی مختلف وفود سے ملاقاتیں

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی مختلف وفود سے ملاقاتیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے جمعرات کو یہاں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں جن میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اور برطانیہ کی گلوچیسٹر یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں ملک کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار، صحافت کی آزادی اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیدال خان نے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ پر زور دیا ۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں قومی و بین الاقوامی معاملات، میڈیا کے کردار اور آزادی صحافت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کے استحکام کی بنیاد ہے،میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو نہ صرف عوام کو باخبر رکھتا ہے بلکہ جمہوری اقدار کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ملاقات کے دوران صحافیوں نے قومی امور پر مختلف سوالات کئے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔ سیدال خان نے واضح کیا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے میڈیا کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ صحافت کو ذمہ داری اور سچائی پر مبنی ہونا چاہئے تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچ سکیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،سنٹرل ایشیا کے لئے تجارت اور سرمایہ کاری کا گیٹ وے ہے، بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے

- Advertisement -

موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی صورتحال کی بہتری اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کی عوام کے لئے بہتر حکمت عملی اختیار کر رہی ہے وہ وقت دور نہیں جب صوبہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی جانب گامزن کیا جائے گا ،صوبہ بلوچستان معدنیات قدرتی وسائل کی دولت سے مالامال ہیں ،ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو موثر استعمال میں لایا جائے ،اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے صوبہ بلوچستان عنقریب معاشی حب کے طور پر سامنے آئے گا، صوبہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور صوبہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی وسیع گنجائش موجود ہیں ان کو موثر استعمال کرکے عوام اور علاقے کی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

بعد ازاں برطانیہ کی گلوچیسٹر یونیورسٹی کی پروفیسر عدیلہ شفیع اور ریجنل منیجر واجد علی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے تعلیمی تعاون اور پارلیمانی نظام پر تبادلہ خیال کیا گیاقائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے برطانیہ کی گلوچیسٹر یونیورسٹی کی پروفیسر مس عدیلہ شفیع اور ریجنل منیجر واجد علی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کی فلاح و بہبود، تعلیم اور سماجی ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔پروفیسر عدیلہ شفیع نے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کے لئے جاری مختلف فلاحی اور تعلیمی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ گلوچیسٹر یونیورسٹی مسلم طلبہ کے لئے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی ترقی میں بھی معاونت کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ریجنل منیجر واجد علی نے مسلم کمیونٹی کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور پاکستانی طلبہ کے لئے برطانیہ میں تعلیمی مواقع کے فروغ بارے آگاہ کیا ۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبے میں تعاون سے نہ صرف پاکستانی طلبہ بلکہ پوری مسلم کمیونٹی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564632

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں