قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات،باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات،باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور۔2مئی (اے پی پی):قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز اور پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف نکولس کٹسا کس بھی موجودتھے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،باہمی تعاون کو فروغ دینے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاک امریکہ دیرینہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کے اصولوں پر مبنی ہیں،دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے،پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانا چاہیے۔

انہوں نے امریکی سفیر کو بتایا کہ ہماری حکومت عوام کو صحت،تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے جامع پروگرام لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ لائیو سٹاک،تعلیم،صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔

اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک امریکہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم علاقائی اور بین الاقوامی امن اور خوشحالی کے فروغ کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے

،ہم تعلیم کے شعبے سمیت امریکہ اور پاکستان کے درمیان عوام کے درمیان تعلقات کو وسعت دیتے رہیں گے۔ملاقات میں اسمبلی سیکرٹریٹ سے سیکرٹری چودھری عامر حبیب اور سٹاف آفیسرعماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔