قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، انجینئر امیر مقام

110

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 80 لاکھ کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ 75 سال قبل اسی دن سفاک بھارتی سکیورٹی فورسز غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اتری تھیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بھارت کا غیر انسانی فوجی محاصرہ اور وحشیانہ جبر اور کشمیریوں کو اکثریت سے اقلیت میں تبدیل کرکے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔انجینئر امیر مقام نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ان کے عزم کو نہیں توڑ سکتا۔انجینئر امیر مقام نے جدوجہد آزادی کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔