24.9 C
Islamabad
منگل, جون 3, 2025
ہومقومی خبریںقالین کی صنعت وزیر اعلیٰ پنجاب کے خواتین کو معاشی بااختیار بنانے...

قالین کی صنعت وزیر اعلیٰ پنجاب کے خواتین کو معاشی بااختیار بنانے کے وژن کی تکمیل کر سکتی ہے ، مفت کھڈیاں دینے کے ساتھ گھروں پر ہی عملی تربیت کی فراہمی کی اسکیم متعارف کروائی جائے، چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان

- Advertisement -

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی توجہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر مرکوز ہے اورہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت ان کے اس وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ،یہ گھریلو اور دیہی صنعت ہے جو 90 فیصد دیہی خواتین کو گھر کی دہلیز پر روزگار فراہم کر رہی ہے ،اگر حکومت مکمل سرپرستی کر ے تو دیہی خواتین کی ترقی کے حوالے سے انتہائی قلیل مدت میں توقع کے برعکس نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کے مینو فیکچررز، برآمد کنندگان او ر صنعت کے مختلف شعبوں سے وابستہ ہنر مندوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز اور رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی 41ویں عالمی نمائش کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

- Advertisement -

چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے لئے مفت کھڈیاں دینے کے ساتھ انہیں گھروں پر ہی عملی تربیت کی فراہمی کی اسکیم متعارف کروائی جائے جسے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے ذریعے یا پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں پنجاب سمال انڈسٹریز ، ٹیوٹا، پنجاب اسکلزڈویلپمنٹ فنڈ یا خواتین کی ترقی کے محکمے کے اشتراک سے چلایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیشرفت کی جائے تو یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کا عملی عکس ہوگاجو نہ صرف دیہی خواتین کو بااختیار بنائے گا بلکہ پاکستان کی پانچ بڑی برآمدی صنعتوں میں شامل ہاتھ سے بنے قالینوں کے شعبے کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرنے میں مدد دے گی۔

اس کے ساتھ اس سے تربیت یافتہ افرادی قوت پیدا ہوگی اور قالینوں کی برآمدی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس کا مثبت اثر پورے صوبے میں محسوس کیا جائے گا۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نہ صرف اس حوالے سے جامع اور موثر منصوبہ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں بلکہ ان کی بھرپور معاونت بھی کریں گے ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603913

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں