قانون اور قاعدے پر سختی سے عمل ہوگا، قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، رانا ثناء اللہ

122

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ قانون اور قاعدے پر سختی سے عمل ہوگا، قانون کی خلاف ورزی کریں گے نہ ہی کرنے دیں گے ، جو بھی قانون توڑے گا قانون کی گرفت میں آئے گا،شکر ہے انقلاب آج پشاور سے خیبر پختونخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹر پہ اکیلا بنی گالا پہنچ گیا ۔

اتوار کو شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بے گناہ پولیس اہلکار کی شہادت کے ذمہ داروں، اسلحہ، گولہ بارود کوئی سیاسی ردِ عمل نہیں ،آپ جھوٹ بولیں، گولیاں برسائیں، ڈنڈے چلائیں، آگ لگائیں، سرپھاڑیں، ہم تماشائی بن کر دیکھیں، یہ نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ قانون اور قاعدے پر سختی سے عمل ہوگا، قانون کی خلاف ورزی کریں گے نہ ہی کرنے دیں گے ،بھگوڑے کو سرکاری ہیلی کاپٹر پر بنی گالہ واپس آتے ہی جھوٹ کا نیا دورہ پڑ گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 25 مئی کو جو ڈر کر چھپ گئے تھے، اب بلوں سے باہر نکل آئے ہیں، 11 دن پہلے کوئی نکلا نہ اب کوئی نکلے گا ،عوام نے آپ کو مسترد کر کے اپنا عوامی ردِ عمل دے دیا ہے ،عوام نے بھگوڑوں کے خلاف عوامی ردِ عمل دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن کا مال کھایا ہے وہ البتہ وصولی کے لئے بنی گالہ ضرور آسکتے ہیں شکر ہے انقلاب آج پشاور سے خیبر پختونخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹر پہ اکیلا بنی گالا پہنچ گیا ،جس کے بولنے اور کھلے رہنے سے ہمیں فائدہ ہو اُس کی گرفتاری میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا ،جو بھی قانون توڑے گا قانون کی گرفت میں آئے گا۔