اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جڑانوالہ، فیصل آباد کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور اقلیتوں کو ہدف بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بدھ کو اپنے ٹویٹ میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ جڑانوالہ، فیصل آباد سے موصول ہونے والی خبروں پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، قانون کی خلاف ورزی کرکے اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والوں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ ان واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی اقلیتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔