لاہور۔31جنوری (اے پی پی):ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے بڑی کارروائی کر کے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بلاول کے نام سے ہوئی ہے اور اسے گرفتار کر کے لاہور ائیرپورٹ منتقل کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔گرفتار ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کے خلاف تھانہ چونگ، لاہور میں مقدمہ درج تھا۔
ملزم گزشتہ سال بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول مسقط کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ترجمان نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔