گلگت۔16دسمبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج کے مابین سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت شعبہ فارسٹری وہارٹیکلچر کے طلبہ وطالبات کو قلیل المدتی پروگرام کے لیے بھیجنے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کے آئی یو کے وائس چانسلرڈاکٹر پروفیسر عطاء اللہ شاہ اور یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج کے ڈین پروفیسرز سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔اجلاس میں ایکسچینج پروگرام سے متعلق اب تک ہونے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ پروگرام کے تحت اب تک ہارٹیکلچر کے 26اور فارسٹری کے 22طلبا کو ایڈمٹ کیاگیاہے
جو اپنی نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایچ ایس کے کے مختلف لیول کی تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں،یہ طلبا دو سال جامعہ قراقرم میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک سال کے لیے یونان فارسٹری اینڈ ٹیکنالوجی کالج جائیں گے۔جائزہ اجلاس میں جامعہ قراقرم کے وائس چانسلر نے پریذیڈنٹ و ڈین پروفیسر کو مئی میں کے آئی یو کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اورجامعہ قراقرم میں پاکستان چائنہ ایجوکیشن پارٹنر شپ کے حوالے سے کانفرنس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایاکہ ہر تین ماہ بعد دونوں اداروں کے درمیان جائزہ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔جس میں متعلقہ پروگرام کے مختلف مراحل کو قریب سے دیکھا جائے گا۔یاد رہے کہ سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس کی کامیابی کے لیے دونوں اداروں نے بھرپور تعاون جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر وو نے اس پروگرام کو مستقبل میں مزید بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔