قطر اسٹیڈیم کی حفاظت کیلئے 5ہزار پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کو ملازمتیں دے گا،ایوب آفریدی

102
قطر اسٹیڈیم کی حفاظت کیلئے 5ہزار پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کو ملازمتیں دے گا،ایوب آفریدی

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):قطر اسٹیڈیم کی حفاظت کیلئے 5ہزار پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کو ملازمتیں دے گا ۔ ان خیالات کا اظہار قطر کے سفیر سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ جمعرات کے روز وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں قطر میں بسنے والے پاکستانیوں اور انہیں فراہم کی جانیوالی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ایوب آفرید ی نے قطری سفیر کو بتایا کہ پاکستان قطر میں ہنر مند اور پیشہ ورانہ روزگار کی مارکیٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر اس وقت دوسرے حریف قابض ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا کے دوران 3500 سے زائد ڈاکٹروں،

نرسوں اور ٹیکنیشنز کو کویت بھیجا ہے ، جبکہ اسی وقت سعودی عرب ایسے ہی سینکڑوں طبی پیشہ ور افراد کو بھی بھرتی کر رہا ہے۔ قطر کو ایک پرانا اچھا دوست ہونے کے ناطے ایسی ہی پیشکش کا جائزہ لینا چاہیے۔اس موقع پر قطری سفیر کا کہنا تھا کہ وہ وزارت کی جامع تجویز کا انتظار کر رہے ہیں اور ہنر مند ہجرت کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک پاکستانی فلائٹ انسٹرکٹر کے طالب علم ہونے کے ناطے قطر میں مقیم پاکستانیوں سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور انہوں نے پہلے ہی ان کی تعداد میں دس ہزار کا اضافہ کرکے مجموعی طورتعداد ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچانے میں مدد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قطر کی جانب سے 53 سے زائد سیکیورٹی ایجنسیاں اپنے نئے بنائے جانے والے اسٹیڈیم کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو سہ ماہی کنٹریکٹ پر رکھا جا رہا ہے جبکہ5ہزار پاکستانی سیکورٹی اہلکار وں کو5سالہ کنٹریکٹ پر رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز بالخصوص ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ قطر زیادہ سے زیادہ ہنر مند تارکین وطن کو بھرتی کرے۔قطری سفیر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد اور کراچی میں ریاستی دفاتر کے علاوہ پشاور اور لاہور میں دونوں ممالک کے لوگوں کی سہولت کے لیے جلد ہی نئے دفاتر کھولے جائیں گے۔