قطر فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کا چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیفہ بن جاسم الکواری کی قیادت میں پاکستان کا دورہ

ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):قطر فنڈ فار ڈویلپمنٹ (کیو ایف ایف ڈی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خلیفہ بن جاسم الکواری نے پاکستان میں پاور جنریشن اور ہاؤسنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔قطر فنڈ فار ڈویلپمنٹ (کیو ایف ایف ڈی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خلیفہ بن جاسم الکواری کی قیادت میں وفد پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد نے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسہ الختیار کے ساتھ وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقتصادی امور کے وزیر نے پانی کے شعبے میں بڑے منصوبوں کی ترقی میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اپنی حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سی ای او ، کیو ایف ایف ڈی کا خیرمقدم کیا اور ملک کی ترقی اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات میں ریاست قطر اور کیو ایف ایف ڈی کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر نے الکواری کو پاکستان کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان کی جانب سے ان کو دیئے جانے والے سول ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد دی۔

الکواری نے وزیر برائے اقتصادی امور کو یوم پاکستان پر مبارکباد دی اور سول ایوارڈ سے نوازنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا بھی کیا۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے پانی کے شعبے میں میگا پراجیکٹس کی ترقی میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی ترجیح کو اجاگر کیا ۔ دونوں فریق تکنیکی سطح پر بات چیت شروع کرکے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

وزیر برائے اقتصادی امور نے انتہائی مشکل وقت میں پاکستان کے لیے کیو ایف ایف ڈی کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل میں کیو ایف ایف ڈی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا یقین دلایا۔ خلیفہ بن جاسم الکواری نے کہا کہ کیو ایف ایف ڈی موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کے ذریعے بحالی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔