
اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے جس پر بھرپور طریقہ سے عملدرآمد جاری رہے گا، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اس لئے نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے یونیورسٹی اور کالجوں میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں، نیب ملک کو بدعنوانی سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بدعنوانی کی روک تھام میں نوجوانوں کے کردار کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اشرف، سینئر فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلباءنے سیمینار میں شرکت کی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، یہ تاثر عام ہے کہ دنیا کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ بدعنوانی ہے، اس سے معاشی صورتحال، معیار زندگی اور سماجی انصاف کو شدید نقصان ہوتا ہے، یہ صرف کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں تمام معاشرے اور معیشتیں اس سے متاثر ہو رہی ہیں، اگر کوئی ملک غیر ملکی سرمایہ کاری سے پائیدار سماجی و معاشی ترقی حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے ہر قیمت پر بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔