اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے اعلی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے یہ سپاہی سیلاب میں گھرے متاثرین کی امدادی کارروائیوں کے دوران شہید ہوئے، ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لئے سیکورٹی فورسز کے افسران اور جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ امن و سلامتی ہو یا پھر قدرتی آفات، پاک فوج نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دی ہیں،پوری پاکستانی قوم پاک افواج کی لازوال قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔