اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی دوسری خصوصی کمرشل پرواز تاشقند میں کووڈ19 کی وجہ سے پھنسے 76 پاکستانی مسافروں کو لے کر لاہور پہنچ گئی ۔ یہ پاکستانی کووڈ19 کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد پھنسے ہوئے تھے ۔ ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس خصوصی پرواز کے ذریعے 66 پاکستانی، تین پاکستانی نژاد روسی شہری اور 6 ازبک باشندے بھی لاہور پہنچے ہیں۔ پاکستانی مسافروں میں طلباء اور ہجرت کر کے گئے ورکرز اور ان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں ۔ یہ واپسی دیگر ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کی حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ ازبکستان میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی سفارتخانہ ان سے رابطے میں رہا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔ پاکستانی سفارتخانہ نے بھرپور تعاون اور اپنے شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر ازبک حکام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے ۔