قومی اتحاد پاکستان کی پائیداری اور مضبوطی کی اساس ہے، سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قائدِاعظم کے اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں، قومی اتحاد پاکستان کی پائیداری اور مضبوطی کی اساس ہے۔ بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سردار …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قائدِاعظم کے اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں، قومی اتحاد پاکستان کی پائیداری اور مضبوطی کی اساس ہے۔ بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ہم سب رنگ، نسل، زبان، صوبائیت یا نظریاتی اختلافات سے ماورا ہو کر ایک متحدہ اور منظم قوم کے طور پر اپنا کردار ادا کریں، پاکستان ایک روادار، جامع اور مساوی حقوق پر مبنی معاشرہ ہے، حکومت تمام شہریوں کو بلا امتیازِ مذہب مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کو قومی ترقی کے عمل میں مکمل اعتماد اور اطمینان کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کر نے کے مواقع فراہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی ترقی کا ضامن ہے، نوجوان قائدِاعظم کے پیغامات کی روشنی میں تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے میدانوں میں آگے بڑھیں، نوجوان قومی ذمہ داریوں کا احساس اپنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال اور مثبت حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ایک پائیدار، مضبوط، خود مختار اور عوام دوست ملک بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی سے سرفراز فرمائے۔