قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا نیب کے آپریشنل طریقہ کار کے جائزہ اجلاس میں اظہارخیال

99

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر سے قانون کے مطابق نمٹنے کے لئے نیب کا آپریشنل طریقہ کار کامیاب رہا ہے، نیب کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2019ءمیں دگنی شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ نیب کی کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میںآپریشنل طریقہ کار کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب حقیقی شکایات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جو درخواستیں بدعنوانی کے خلاف ٹھوس شواہد اور دستاویزات کی بنیاد پر دائر کی جاتی ہیں، نیب کے آپریشنل میتھڈالوجی کے مطابق درخواست وصول کرنے کے بعد شکایت کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا جاتا ہے، شکایت کے مندرجات میں کچھ حقیقت سامنے آنے کے بعد شکایت کنندہ کو بلایا جاتا ہے اور وہ اس تناظر میں اپنا بیان حلفی جمع کراتا ہے۔