اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی طرف سے پارلیمنٹ کے تقدس کو مجروح کرنے کے بیان پر شدید ردعمل کے اظہار کے موقع پر ایوان میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ، عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی غلام احمد بلور، مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ محمد اعجاز الحق، ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین، ساجد احمد، مسلم لیگ (ن) کے رکن میاں جاوید لطیف سمیت دیگر ارکان نے گذشتہ شب لاہور کے احتجاجی جلسہ میں عمران خان اور شیخ رشید احمد کی جانب سے پارلیمنٹ کے تقدس کو مجروح کرنے کے حوالہ سے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تو اس پر پی ٹی آئی کے ارکان امجد علی خان اور ڈاکٹر اظہر جدون سمیت دیگر ارکان ایوان میں انتہائی شرمندہ شرمندہ نظر آئے۔