قومی اسمبلی اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں انکوائری کمیشن بنائے جبکہ قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں …

اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں انکوائری کمیشن بنائے جبکہ قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کو کشمیریوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 90 ہزار سے زائد معصوم کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے شرمناک کارروائیاں جاری ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی جانب سے رپورٹ پر تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیری اپنے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

مزید خبریں