قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور حکومت خیبر پختونخوا کے محتسب سیکرٹریٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور حکومت خیبر پختونخوا کے محتسب سیکرٹریٹ کے درمیان پیر کو ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور حکومت خیبر پختونخوا کے محتسب سیکرٹریٹ کے درمیان پیر کو ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد خواتین کے حقوق، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، پارلیمانی نظام میں خواتین کی موثر شمولیت کے فروغ، مقام کار پر خواتین کو ہراسگی سے تحفظ کے ایکٹ 2010 کے موثر نفاذ، کام کی جگہ پر تحفظ اور پارلیمانی روابط سے متعلق امور میں ادارہ جاتی تعاون، باہمی رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت معلومات کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے، مشاورت اور تکنیکی معاونت کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک وضع کیا گیا ہے جبکہ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ دونوں اداروں کے آئینی دائر اختیار، ادارہ جاتی خودمختاری اور پارلیمانی مراعات کا مکمل احترام برقرار رکھا جائے گا۔اس معاہدے کے تحت ویمن پارلیمانی کاکس کے ساتھ تعاون کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ عوامی آگاہی میں اضافہ، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، پارلیمانی عمل میں خواتین کی موثر شرکت، تحفظ مقام کار پر خواتین کو ہراسگی سے تحفظ کے ایکٹ 2010 کے موثر نفاذ، قانون سازی پر موثر عمل درآمد اور باہمی مشاورت و مکالمے کے ذریعے موثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ موثر اور مربوط کوششوں کے ذریعے خواتین کے حقوق، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، پارلیمانی نظام میں خواتین کی شمولیت کے فروغ، مقام کار پر خواتین کو ہراسگی سے تحفظ کے ایکٹ 2010 کے موثر نفاذ، بہتر طرز حکمرانی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی سعید احمد اور محتسب حکومت خیبر پختونخوا بیرسٹر رباب مہدی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سپیشل سیکریٹری برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور صوبائی محتسب خیبر پختونخوا آفس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔