قومی اسمبلی میں قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس 2024 اورالیکشن ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش

137
House Business Advisory Committee of the National Assembly

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس 2024 اورالیکشن ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کردئیے گئے جبکہ تخم ترمیمی آرڈیننس میں 120 دن تک کی توسیع کی منظوری دیدی گئی۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے دونوں آرڈیننس پیش کئے۔وزیرقانون نے تخم ترمیمی آرڈیننس میں 120 دن تک کی توسیع کی قراردادبھی پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کیلئے ریٹائرڈ ججز کی تقرری کی بات کی گئی ہے، ہم نے حکومت سے کہاہے کہ سمری کے ذریعہ آرڈیننس واپس لیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ آرڈیننس پیش کرنا غیرآئینی ہے اوراس میں سپریم کورٹ کے دوفیصلوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہاکہ آرڈیننس کے حوالہ سے پارلیمانی طریقہ کار اورآئین واضح ہے، آرڈیننس پیش ہونے کے بعد اسے فوری طورپرایوان میں پیش کرنا ہوتاہے تاکہ اس کے حوالہ سے فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج جو آرڈیننس پیش ہواہے وہ ایوان کی کمیٹی کوبھیج دیا گیاہے، اب ایوان کااختیارہے کہ وہ اسے ایکٹ آف پارلیمان بنانے کیلئے اس کا جائزہ لے گا اورووٹ کی طاقت سے اس کومنظوریا مسترد کرے۔ یہ آرڈیننس اب ایوان کی ملکیت ہے اوراس کا فیصلہ بھی ایوان نے کرناہے۔