قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ، کمیٹی کے چیئرمین راجہ خرم نواز نےاندرون اسلام آباد ٹریفک جام کے مسائل پر توجہ مبذول کرائی

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک مسائل پر بریفنگ دی جس پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ٹریفک اور سکیورٹی سے متعلق معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک مسائل پر بریفنگ دی جس پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ٹریفک اور سکیورٹی سے متعلق معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین خرم نواز نے کہا ہے کہ اندرون اسلام آباد بے تحاشا ناکوں اور ٹریفک کے معیاری انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے ۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے تعمیراتی منصوبوں اور دفتری اوقات میں ٹریفک جام کے جواز کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ ان اوقات کے علاوہ بھی اسلام آباد پولیس کے ہر پولیس سٹیشن کے باہر جو غیر ضروری ناکے لگائے گئے ہیں ان کی وجہ سے لمبی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں اور پورا دن ہی ٹریفک جام میں گزر جاتا ہے ۔

انہوں نے وفاقی وزیرصحت کے ساتھ ایک منصوبے کے افتتاح کے لئے افتتاح کی جگہ پہنچنے میں پیش آنے والی مشکلات بھی کمیٹی کے سامنے رکھیں اور کہا کہ لہتراڑ روڈ پر ٹریفک جام کا ذمہ دار کون ہے ۔ ڈی آئی جی ٹریفک اسلام آباد نے کمٹیی کو بتایا کہ تعمیراتی منصوبوں اور دفتری اوقات میں ٹریفک کا بوجھ بڑھ جاتا ہے ۔

دفتری اوقات میں 4 لاکھ گاڑیوں کی آمد ورفت ہوتی ہے ان کو سنبھالنے کے لئے ہمارے پاس صرف 620 جوان موجود ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے وزارت داخلہ کے ذریعے 2600 جوان بھرتی کرنے کےلئے سمری بھجوائی ہے جو اس وقت وزارت خزانہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے پاس ہے ،اس بھرتی کے بعد ٹریفک لوڈ کے انتظام میں بہتر آئے گی اور اسلام آباد کے داخلی راستوں میں لگے ہوئے کیمروں کو سیف سٹی کے ساتھ منسلک کررہے ہیں اس سے داخلی مقامات پر ٹریفک لوڈ کم ہوجائے گا ۔

ایم این اے ملک ابرارنے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا راولپنڈی ٹریفک پولیس کے ساتھ کوئی لیزان نہیں ہے ، آئی جے پی روڈ کے دونوں اطراف شام سے ہی ٹرکوں کی دو لائنیں لگ جاتی ہیں ،چلنے کی جگہ نہیں ہوتی ، انہوں نے ٹریفک جام کی وجہ سے اپنے حلقے کے دو افراد کی ہسپتال پہنچنے سے پہلے اموات کے معاملہ کو بھی اجاگر کیا ۔