قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کا اجلاس

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ممبر ایڈمنسٹریشن کی اجلاس میں غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے رویے سے گریز کیا جائے۔بدھ کو کمیٹی کا 14 واں اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد افضل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ممبر ایڈمنسٹریشن کی اجلاس میں غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے رویے سے گریز کیا جائے۔بدھ کو کمیٹی کا 14 واں اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد افضل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈاکٹر درشن (ایم این اے) کی جانب سے ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے کے خلاف اٹھائے گئے استحقاق کے سوال پر تفصیلی بحث کی گئی۔ کمیٹی نے ممبر ایڈمنسٹریشن کی عدم موجودگی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے معاملے کو ملتوی کر دیا اور واضح کیا کہ سرکاری افسران کی جانب سے پارلیمانی کارروائی میں عدم شرکت ناقابل قبول ہے۔اجلاس کے دوران ایک اور اہم معاملے میں وسیم قادر (ایم این اے) کی جانب سے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی گئی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹک نے معزز رکن کی فون کال نہ اٹھانے پر کمیٹی کے سامنے غیر مشروط معذرت طلب کی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس طرح کی کوتاہی نہیں ہوگی جس کے بعد کمیٹی نے معاملے کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا، چوہدری محمد شہباز بابر، وسیم قادر، سردار محمد یعقوب خان ناصر، پیر سید فضل علی شاہ جیلانی، میر غلام علی تالپور، سنجے پروانی، نعیمہ کشور خان اور چوہدری نصیر احمد عباس نے شرکت کی۔ شگفتہ جمانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ وزارت پارلیمانی امور، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔