قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کا اجلاس،ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر اتفاق

مظفر آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کا اجلاس وفاقی وزیر اور چیئرمین رانامحمد قاسم نون کی زیر صدارت بدھ کو نیو سول سیکرٹریٹ چھتر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں کمیٹی کے اراکین وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سید جاوید علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی …

مظفر آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کا اجلاس وفاقی وزیر اور چیئرمین رانامحمد قاسم نون کی زیر صدارت بدھ کو نیو سول سیکرٹریٹ چھتر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں کمیٹی کے اراکین وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سید جاوید علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی ملک ابرار، اسد عالم نیازی، فتح اللہ خان، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے جوائنٹ سیکریٹری علی اکبر، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل بلال چوہدری، پی ٹی اے کے ممبر ڈاکٹر خاکوانی، ائیرپورٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل صادق الرحمن، متعلقہ محکموں کے سربراہان اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے 10 ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے اجلاس کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی، سماجی اور اقتصادی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔شرکا اجلاس نے مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔مزید برآں اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی و معاشی استحکام، بہتر طرز حکمرانی، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کو عوامی ضروریات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا

۔کمیٹی نے آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میں ائیرپورٹس کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرنے اور پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی یکجہتی، موثر حکمت عملی اور بین الاقوامی فورمز پر بھرپور سفارتی مہم کو مزید تقویت دی جائے تاکہ کشمیری عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم تک پہنچائی جا سکے۔