اسلام آباد۔27 جولائی (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ عام انتخابات 2018ءکے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 116 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) 64 نشستوں کے ساتھ دوسری اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز 43 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت ہے، متحدہ مجلس عمل نے 12 اور ایم کیو ایم نے 6 نشستیں حاصل کیں۔ 12 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے چار، بلوچستان عوامی پارٹی نے تین، بلوچستان نیشنل پارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے دو، دو جبکہ عوامی مسلم لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست جیتی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اب تک 266 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج جاری کئے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 60 اور این اے 103 کے نتائج ملتوی کئے گئے ہیں اور چار حلقوں کے نتائج کا انتظار ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے اب تک کے جاری کردہ قومی اسمبلی کے حلقوں کے نتائج کی تفصیل کچھ یوں ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال سے متحدہ مجلس عمل کے مولانا عبدالاکبر چترالی 43616 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عبداللطیف 38481 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے سلیم خان 32635 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 60.97 فیصد رہی۔