اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے تحفظ کا ایک جامع قانون فراہم کرنے کے لئے 2 سال کی کوششوں کے بعد صحافتی اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا بل آج بالآخر پارلیمنٹ کے ذریعے منظور کر لیا گیا۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بل کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ اب صدر بل پر دستخط کریں گے۔ ایک دوسرے ٹویٹ میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ میں تمام صحافیوں اور میڈیا پرسنز کا ان کے قیمتی ان پٹ اور تعاون کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور یہ بل ان کے ان پٹس کی عکاسی کرتا ہے۔ بل کا مسودہ اتفاق رائے سے تیار کیا گیا۔