قومی اقلیتی کمیشن کا پہلا اجلاس،آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، بحثیت مسلمان ہمارا دین اور مذہب بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیتا ہے، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

اسلام آباد ۔ 14 مئی (اے پی پی) قومی اقلیتی کمیشن کا پہلا اجلاس جمعرات کو چیئرمین چیلا رام کیولانی کی زیر صدارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت متعدد اقلیتی ارکان اسمبلی و سینٹ نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، بحثیت …

اسلام آباد ۔ 14 مئی (اے پی پی) قومی اقلیتی کمیشن کا پہلا اجلاس جمعرات کو چیئرمین چیلا رام کیولانی کی زیر صدارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت متعدد اقلیتی ارکان اسمبلی و سینٹ نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، بحثیت مسلمان میرا دین اور مذہب بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیتا ہے، کمیشن کا قیام ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ حکومت نے پورا کیا۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حالت انتہائی خراب ہے، رمضان المبارک میں مسلم آبادی کے ساتھ بھارتی ظلم و ستم کی نظیر نہیں ملتی، اقلیتی کمیشن ان مظالم اور ناانصافیوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا۔ کمیشن کے چیئرمین چیلا رام نے کہا کہ اقلیتی کمیشن میں مسلم نمائندوں کی شمولیت خوش آئند ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکار سب سے پہلے پاکستانی ہیں، ہندوستان کے برعکس پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چیلا رام کیولانی نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اقلیتی کمیشن کا چیئرمین اور تمام ممبران بہترین شہرت کے مالک ہیں۔ اجلاس میں شریک ارکان اسمبلی اور کمیشن کے ارکان نے وزیراعظم پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔