اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 23 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے حصول کے لئے 2 اپریل کی تاریخ مقرر کردی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے قومی اسمبلی کے 6 ، پنجاب اسمبلی کے 12، خیبرپختونخوا کے 2 ، بلوچستان اسمبلی کے 2 اور سندھ اسمبلی کے ایک حلقہ کے ایسے ووٹرز جو مسلح افواج پاکستان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں
یا ایسے سرکاری ملازمین جو ذمہ داریوں کی ادائیگی کی وجہ سے پولنگ سٹیشنوں پر جاکر ووٹ نہیں ڈال سکتے یا جیلوں میں قید ہیں یا الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گےیا ایسے افراد جو جسمانی طور پر معذور ہوں اور ان کے پاس قومی شناختی کارڈ ہو ان سے کہا گیا کہ وہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے درخواستیں 2 اپریل تک جمع کرا سکتے ہیں۔