قومی بلائینڈ ٹیم دوسرے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کیلئے بھارت روانہ

100

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم جیت کا عزم لئے دوسرے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے ہفتہ کی صبح بھارت روانہ ہو گئی۔ قومی ٹیم 30 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ میگا ایونٹ 30جنوری سے 12 فروری تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ پی بی ایس اے حکام نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ 17 کھلاڑیوں اور تین آفیشلز پر مشتمل 20 رکنی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے ہفتہ کی صبح بھارت روانہ ہو گئی، عبدالرزاق کوچ، حبیب اللہ مینجر اور طاہر بٹ ٹرینر کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ محمد جمیل ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ انیس جاوید نائب کپتان ہوں گے۔