قومی خودمختاری اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب

90

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دیگر ممالک کے ساتھ اختلافات پیدا کرنے کے حق میں نہیں ہے تاہم وہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ قومی خودمختاری اور ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں خارجہ پالیسی کا وژن قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر بلاک سیاست کی حمایت نہیں کرتی۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ مضبوط خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کے لیے معاشی استحکام کا حصول ناگزیر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر حکومت کی طرف سے کئے گئے متعدد اقدامات کا ذکر کیا جن میں اقتصادی سفارت کاری، انگیج افریقہ پالیسی، سینٹرل ایشیا وژن پالیسی اور سٹریٹجک کمیونیکیشن ڈویژن کا قیام شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت کاروں کی کوششوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور تارکین وطن کی طرف سے بھیجی جانے والی بھاری ترسیلات اس حقیقت کی عکاس ہیں۔

انہوں نے مارچ میں اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے حکام کی تعریف کی۔