سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں مجوزہ قومی سلامتی پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کمیٹی کو پالیسی کی تفصیلات سےآگاہ کیا۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ قومی سلامتی کی پالیسی انسانی، اقتصادی اور دفاعی سلامتی کے مابین تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی خوشحالی اور تحفط کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سکیورٹی اس پالیسی میں بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پالیسی کا مقصد انسانی اوردفاعی سلامتی میں زیادہ وسائل کی فراہمی اور سرمایہ کاری کو وسعت دینا ہے۔

مشیر برائے قومی سلامتی کمیٹی کو بتایا کہ قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل قومی سلامتی ڈویژن کے قیام کے بعد سال 2014 میں شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں ایک ڈرافٹنگ کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے پہلے سے کیے گے کام کو مزید آگے بڑھایا۔ انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ان متعدد مسودوں پر تمام ریاستی اداروں بشمول صوبائی حکومت اور گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پالیسی کے عمل کو مزید جامع بنانے کے لیے مشاورتی عمل میں پاکستان بھر سے 600 سے زائد ماہرین تعلیم، تجزیہ کاروں، سول سوسائٹی کے اراکین اور طلباء کے ساتھ بھی مشاورت میں شامل کیا گیا۔

مشیر برائے قومی سلامتی نے بتایا کہ انتقال اقتدار اور تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات سے قومی سلامتی پالیسی کی ترجیحات کو ہم آہنگ بنانے کے لیے قومی سلامتی پالیسی کے دستاویز کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا۔ اپنی بریفنگ کے اختتام پرقومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ مجوزہ قومی سلامتی پالیسی مستقبل میں ملک کو درپیش چیلنجز اور مواقعوں کا خاکہ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی چیلنجز سے نمٹنے اور مواقعوں سے مستفید ہونے کے کے لیے رہنما اصول فراہم کرے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی سلامتی کی پالیسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی موجودہ حکومت کے ایک خوشحال اور محفوظ پاکستان کے عزم کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے قومی پالیسیوں پر عوامی نمائندوں سے مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ملک کو مستقبل میں پیش آنے والے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا احاطہ کرے گی اور ان کے سدباب کے لیے رہنمائی فراہم کرئے گی۔

اجلاس کے شرکاء نے قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل پر سیکیورٹی ڈویژن کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پالیسی محفوظ اور خوشحال پاکستان کی جانب ایک مثبت پیشرفت ثابت ہو گی۔ شرکاء نے کہا کہ اس وقت ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کے لیے ایسی ہی جامع اور مربوط سلامتی پالیسی کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، قائد ایوان سینیٹ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ، قومی سلامتی، دفاع، خارجہ امور اور داخلہ ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔