قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

92

راولپنڈی۔18نومبر (اے پی پی):قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، واپڈا، نیشنل بنک، نیوی اور سوئی سدرن گیس نے فائنل فور میں جگہ بنا لی ہے۔ سیمی فائنل مقابلے (آج) جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ پی ایچ ایف کے زیراہتمام ڈومیسٹک ہاکی کے 66 ویں پریمیئر ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ماڑی پیٹرولیم ہاکی سٹیڈیم، راولپنڈی میں جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں واپڈا، نیشنل بنک، نیوی اور سوئی سدرن گیس کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کی بدولت سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سنگل لیگ سسٹم کی بنیاد پر کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں واپڈا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 9و میں سے 8 میچ جیت کر ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ نیشنل بنک کی ٹیم دوسرے، سوئی سدرن گیس کی ٹیم تیسرے اور نیوی کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز (آج) جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل نیشنل بنک اور سوئی سدرن گیس جبکہ دوسرا سیمی فائنل واپڈا اور نیوی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چیمپئن کا فیصلہ (کل) جمعہ کو ہوگا۔