وفاقی حکومت نے سٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو 24.42ارب روپے کی ادائیگی کر دی ، ترجمان وزارت صنعت و پیداوار

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرتے ہوئے 24.42ارب روپے کی ادائیگی کردی۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ترجمان کے مطابق حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ منظور کردہ 24.42ارب روپے 7,594ریٹائر ڈ ملازمین کو ادا کئے جائیں گے اور فی کس اوسطاً ہر ریٹائرڈ ملازم کو تقریباً32لاکھ 20ہزار وپے کی ادائیگی کی جائے گی۔قبل ازیں وفاقی حکومت جنوری 2019ء میں انتقال کرجانے والے ملازمین کے خاندانوں کو 1.26ارب روپے ادا کرچکی ہے۔ وفاقی حکومت کی حتیٰ الامکان یہ کوشش ہے کہ جلداز جلد پاکستان اسٹیل مل جو کہ 2015سے بند ہے کہ ملازمین کے مسائل کو حل کیا جائے اور اسٹیل مل کو قومی اثاثے کے طورپربہترین طریقے سے استعمال میں لایا جائے اس سلسلے میں اہم پیش رفت اگلے چند ہفتوں میں ممکن ہے۔ واضح رہے کہ بوڑھے اور ریٹائرڈ ملازمین کی ادائیگی 2013سے واجب الادا تھی۔