ہنزہ میں کمسن بچے کے مبینہ اغوا و جنسی تشدد پر حفیظ الرحمن برہم، ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

ہنزہ میں کمسن بچے کے مبینہ اغوا و جنسی تشدد پر حفیظ الرحمن برہم، ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

گلگت۔ 26 اگست (اے پی پی):ہنزہ میں کمسن بچے کے اغوا اور مبینہ جنسی تشدد کے واقعے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف جنسی تشدد جیسے قبیح اور انسانیت سوز واقعات کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے ناقابل قبول ہیں۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات کا مؤثر نوٹس نہ لینے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث ان جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت فوری طور پر واقعے کے ذمہ دار ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد جیسے سنگین جرائم کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی، والدین، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے دیگر ذمہ دار طبقات کے کردار کو بھی اجاگر کیا جائے۔

حافظ حفیظ الرحمن نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی مخدوش صورتحال اور بالخصوص بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات کے تسلسل کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔