ہنزہ میں کمسن بچے سے مبینہ زیادتی، وزیراعلیٰ امجد حسین کا سخت نوٹس، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم
ہنزہ میں کمسن بچے سے مبینہ زیادتی، وزیراعلیٰ امجد حسین کا سخت نوٹس، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم
گلگت۔ 26 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ہنزہ میں کمسن بچے کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے المناک واقعے کا سخت ترین نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دلوانے کیلئے مؤثر قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ہنزہ میں کمسن بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے المناک واقعے کا سخت ترین نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو واقعے کی فوری اور مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گھناؤنے جرم میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں عدالت سے کڑی سے کڑی سزا دلوانے کیلئے تمام ضروری اور مضبوط قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ امجد حسین نے عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں جنسی زیادتی جیسے جرائم کے خلاف موجود قوانین کو مزید سخت بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو ایسی قبیح حرکت کی جرات نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر معاشرے کیلئے ناسور ہیں اور انہیں قانون کی گرفت میں لاکر عبرت کا نشان بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا مکمل سدباب ممکن ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے اور متاثرہ بچے اور خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔







