پمز ہسپتال آتشزدگی سانحہ افسوس ناک اور دل ہلا دینے والا ہے، حافظ حفیظ الرحمن

پمز ہسپتال آتشزدگی سانحہ افسوس ناک اور دل ہلا دینے والا ہے، حافظ حفیظ الرحمن

گلگت۔ 26 اگست (اے پی پی):سابق وزیراعلیٰ و صدر مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سانحہ افسوس ناک اور دل ہلا دینے والا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ محض ایک سانحہ نہیں ہے بلکہ اس نے ہسپتالوں سمیت عوامی اداروں میں حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی کے نظام پر سوالات کھڑے کردئیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے تعین کے ساتھ ایسے سانحات کے روک تھام کیلئے اقدامات کا دائرہ گلگت بلتستان تک فوری بڑھایا جائے۔

حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ وہ اس اندوہناک سانحے پر پوری غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔