قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ

185
قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ
قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ

راولپنڈی ۔31اگست (اے پی پی):پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، صائم ایوب ، شان مسعود اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں سکور کیں ، بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں ، بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنا لیے ، شادمان اسلام 6 اور ذاکر حسن صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔

ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریزکے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ٹاس جیت کر کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، پاکستان کی طرف سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا،

عبداللہ شفیق کو پہلے ہی اوور کی چھٹی گیند پر فاسٹ باؤلر تسکین احمد نے صفر پر کلین بولڈ کر کے پویلین واپس بھیج دیا ، مایوس کن آغاز کے بعد صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ اور دوسری وکٹ میں 107 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا ، شان مسعود 57 رنز کی اننگز کھیل کر اسپنر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، پاکستان کی تیسری وکٹ 122 کے مجموعی اسکور پر گری ، صائم ایوب 58 رنز بنانے کے بعد مہدی حسن میراز کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے

، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 16 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، 179 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی اہم وکٹ گر گئی جب بابر اعظم 31 رنز بنانے کے بعد شکیب الحسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، محمد رضوان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 29 رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے

، اس موقع پر سلمان علی آغا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کا اسکور 274 رنز تک پہنچایا، سلمان علی آغا 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر تسکین احمد کی گیند پر شکیب الحسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ، خرم شہزاد 12 ، محمد علی 2 اور ابرار احمد 9 رنز بنا سکے ، تینوں کو مہدی حسن میراز نے آئوٹ کیا ، بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں

، تسکین احمد نے تین جبکہ ناہید رانا اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ، بنگلہ دیش نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنا لیے ، شادمان اسلام 6 اور ذاکر حسن صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔