قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے نیشنل سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس

کراچی ۔21جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس شروع کردی’ پاکستان ٹیم نے ٹریننگ سیشن کے پہلے روز پانچ گھنٹے سے زائد وقت گرائونڈ میں گزارے۔ جمعرات کو قومی ٹیم نے ساڑھے بارہ بجے نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کیا جو شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہا۔ پاکستانی کرکٹرز نے کوڈ19 ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد 20 رکنی سکواڈ نے مختلف گروپوں میں ٹریننگ کی۔ ٹریننگ سیشن کے دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق، بائولنگ کوچ وقار یونس’ بیٹنگ یونس خان کے ساتھ ساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچ محمد یوسف اور ثقلین مشتاق بھی نیشنل سٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کو جنوبی افریقی ٹیم سے مقابلے کے لئے مشورے دیئے۔ ٹریننگ سیشن (آج) جمعہ کو دوبارہ صبح شروع ہوگا۔ جنوبی افریقی کرکٹرز نے بھی کراچی جمخانہ میں ٹریننگ کی۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 26 جنوری سے کھیلا جائے گا۔